سراج الحق کی اپیل پر مہنگائی کیخلاف کل ملک گیر احتجاج ہوگا

434
protests

لاہور: سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر کل ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج ہوگا جس میں کارکنان جماعت اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور ملتان روڈ پر نکالی جانے والی ریلی سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم خطاب کریں گے اسی طرح ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی جلسے جلسوس اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ امیر جماعت نے اپیل کی کہ عوام اپنے حق کے لیے احتجاج میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔ ملک کے 23کروڑ عوام مہنگائی کے چنگل میں بری طرح پھنس چکے ہیں جس کی وجہ حکومتی نااہلی ہے کیوں کہ حکومت کی توجہ عوامی مسائل پر ہرگز نہیں ہے۔ لوگ آٹے کی لائنوں میں جانیں دے رہے ہیں۔ بنیادی ضروریات زندگی لوگوں کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی مکمل تابعداری کر رہی ہے جس سے غریبوں کا جینا محال ہو گیا ہے۔