میری کوئی پراپرٹی نہیں،شہری نے مریم نواز کے نام ساری پراپرٹی کردی

682

راولاکوٹ: میری بیرون ملک تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں،آزاد کشمیر کے شہری نے اپنی ساری زمین مریم نواز کے نام کر دی ۔

 تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے شہری نے اپنی ساری زمین مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے نام کردی،شہری نے کہا ہے کہ مریم نواز کو مکمل اختیار ہے کہ وہ اس اراضی کو جیسے چاہیں استعمال کریں۔

 راولاکوٹ کے ایک مقامی شخص نے اپنی وراثت سے بتیس سے پچاس ہزار کنال زمین مریم نوازکو عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا زاہدحسین نے راولاکوٹ عدالت میں بحق مریم نواز زوجہ کیپٹن صفدر و دختر نواز شریف  کے نام سے وصیت نامہ جاری کرتے تحریری طور پر کہا ہے مظہر کے ملکیتی خسرہ سابقہ 1429’1481’730’1479’1477’1445’1444وغیرہ جو چہڑھ گاوں میں موجود ہیں۔

شہری کا کہنا تھا کہ  میرے آباؤ اجدار کی ملکیتی ہیں مریم نواز کو اختیار ہے کہ وہ اس زمین کو ہسپتال بنانے سمیت کسی فلاحی کام کے لیے استعمال کرے زاہدحسین نے یہ موقف بھی سامنے لایا کہ مظہر کا معاوضہ آٹھ کروڑ روپیہ ہے مریم نواز وہ بھی وصول کرے اور اس گاوں میں جو درختان وغیرہ ہیں اس کا معاوضہ بھی مریم نواز لینے کی مجازہوگی۔

 زاہد حسین نامی شہری نے وصیت نامے میں کہا کہ وہ اپنی تمام اراضی چاہے وہ 50 ہزار کینال ہو یا 32 ہزار کینال ، مریم نواز کو دیتے ہیں۔مریم نواز چاہے یہاں اسپتال بنائیں یا کسی فلاحی کام کر لیے استعمال کر سکتی ہیں۔وصیت نامے میں لکھا گیا کہ مریم نواز کو مکمل اختیار ہے کہ وہ اس اراضی کو جیسے چاہیں استعمال کریں۔

وصیت میں کہا گیا کہ مریم نواز صرف میرے بچوں کے ملکیتی رقبے 50 کنال کو چھوڑ کر باقی مظہر کی حیات میں 50 فیصد کی مالک جب کہ مظہر کی وفات کے بعد 100 فیصد کی مالک ہوں گی۔

وصیت نامہ سوشل میڈیا پر آیا تو مریم نواز بھی تبصرہ کیے بغیر نہ رہ سکیں۔مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسا کیوں کرے گا، اگرچہ یہ دل کو بہت چھونے والا ہے۔مریم نواز نے ردِعمل میں اظہارِ محبت و تشکر کے ایموجیز بھی استعمال کیے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مریم نواز کے مداحوں کی جانب سے اس طرح کے اقدامات دیکھنے میں آئے ہیں۔رواں سال جب مریم نواز لندن سے پاکستان واپس آ رہی تھیں تو لندن سے واپسی پر ابوظہبی ائیرپورٹ پر مریم نواز کا لیگی کارکنان کی جانب سے استقبال کیا گیا۔

مریم نواز کو ابوظہبی ائیرپورٹ پر لیگی کارکن نے سونے کا تاج پہنا دیا۔تاج میں مریم نواز کے ساتھ ان کے والد اور والدہ کی تصویر لگائی گئی تھی۔

مریم نواز کی جانب سے ان کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔ جبکہ  ایک بار مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے  یہ بھی کہا تھا کہ میری بیرون ملک تو کیا پاکستان میں بھی کوئی زمین نہیں ہے جس کے تناظر میں لگتا ہے زاہد حسین شہری نے زمین ان  کے نام کر دی ہے۔