مولانا ہدایت الرحمان کو رہا نہ کیا تو پورابلوچستان جام کردیں گے، عبدالحق ہاشمی

706

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ مولانا ہدایت الرحمان کو رہا نہ کیا گیا تو پورا بلوچستان جام کردیں گے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت واداروں کی چپقلش ،لڑائی کی وجہ سے عوامی مسائل مہنگائی ،بدعنوانی میں مزید اضافہ ہورہا ہے ،مردم شماری کا ٹھیک طریقے سے نہ ہونا اداروں وحکومت کی ناکامی ولمحہ فکریہ ہے،حکومتی عہدوں ،عدالتوں ،اداروں کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرنابدترین خیانت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے حقوق کا پاسبان مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ساڑھے 3 ماہ سے عوامی مسائل کے حل اورحقوق مانگنے کے جر م میں قید ہیں ۔ جھوٹے مقدمات ، ضمانت کے قانونی حق سے محرومی بدترین جرم ہے۔ مولانا اکیلا نہیں گوادر بلوچستان کیساتھ پورے ملک کے عوام ہیں۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ  ملک کے عوام کو نان شبینہ کے محتاج بنانے والے آج پر اقتدارپر براجمان ہیں عوام بدترین مہنگائی بے روزگاری ،غربت بھاری سودی قرضوں،حکمرانوں اسٹبلشمنٹ کی لوٹ مار کی وجہ سے تباہ وبربادہوئے حکمران ومقتدر قوتیں بلوچستان کو صرف مفادات کیلئے استعمال کر رہے ہیں، انہیں بلوچستان کے عوام کے مسائل ومشکلات اورپریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں۔

مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان کے معصوم ومظلوم عوام کیلئے جائزحقوق مانگنا بھی جرم بن گیا ہے ۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی ضمانت کے حوالے سے عدلیہ بھی دبائو میں لگ رہا ہے ،قومی مجرمین ،قاتل ،عدالتوں کو مطلوب ،دہشت گردوں سمگلرزکی ضمانتیں روزانہ انہی عدالتوں سے ہورہی ہے مگر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ پر ضمانت کے دروازے بندکیے گیے ہیں ۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔