لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رواں سال گندم کی بھرپور پیداوار کا فائدہ کسانوں تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے بدھ کے روز وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبے میں مجموعی امن و امان کی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گندم کی بھرپور پیداوار ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال گندم کی بھرپور پیداوار کا فائدہ کسانوں تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔