ممبئی : سابق بھارتی کرکٹر اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) میں لکھن سپر جائنٹس کے گوتم گمبھیر اور رائل چیلنجر بنگلور کے کھلاڑی ویرات کوہلی پر کچھ میچز کی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اسپورٹس چینل سے گفتگو میں سنیل گواسکر نے اس معاملے پر کہا کہ میں نے اسٹیڈیم میں یہ صورتحال لائیو نہیں دیکھی، سوشل میڈیا پر ویڈیوز میں دیکھا اس لیے مجھے اصل معاملے کا علم نہیں۔ اس میچ کے دوران دو تجربہ کار افراد نے جس طرح سے رویہ اختیار کیا وہ باعث شرم تھا، مجھے نہیں معلوم غلطی کس کی تھی لیکن میچ فیس کے 100 فیصد جرمانے سے بڑھ کر سزا سنانی چاہیے تھی۔
انہوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا کہ دونوں پر پابندی عائد کردینی چاہیے۔انہیں کچھ میچز کے لیے معطل کرنا چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر پابندی ہوگی تو انہیں نقصان پہنچے گا اور اندازہ ہوگا۔
اس کے علاوہ سابق کرکٹر نے ہربھجن سنگھ اور سری سانتھ کے واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سابق کرکٹرز کو آئی پی ایل کے پورے سیزن سے باہر کردیا تھا جس کے بعد ایسا ناخوشگوار واقعہ 10 سال تک نہیں ہوا۔ہمیں اس بار بھی سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ میچ آفیشلز کی جانب سے ویرات کوہلی اور گوتم گمبھیر پر میچ فیس کا 100 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جو آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔