پارلیمنٹ اپنے آئینی اختیارات کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جائیگی ،مریم اورنگزیب

430

اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اپنے آئینی اختیارات کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جائے گی، پارلیمان کا قانون سازی کا آئینی اختیار کوئی نہیں چھین سکتا۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ قانون سازی سے شفاف اور منصفانہ نظام دیا گیا ، پارلیمنٹ اپنے آئینی اختیارات کے تحفظ کے لئے آخری حد تک جائے گی، پارلیمان اپنے آئینی حقوق کے تحفظ اور دفاع کا بھرپور حق رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کا قانون سازی کا آئینی اختیار کوئی نہیں چھین سکتا، عدلیہ کا اختیار آئین و قانون کی تشریح کرنا ہے، آئین ری رائٹ کرنا یا قانون سازی کے اختیار پر پابندی لگانا عدلیہ کا اختیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان نے وکلا برادری، بار کونسلز اور ایسوسی ایشنز کے دیرینہ مطالبہ پر قانون سازی کی، آرٹیکل 184(3) سے متعلق قانون سازی سے عدلیہ کے اختیار، آزادی وخود مختاری میں کوئی کمی نہیں کی گئی، اس قانون سازی سے ون مین شو اور امپیریل کورٹ جیسے اعتراضات ختم کئے گئے۔ سپریم کورٹ کے تین سینئر موسٹ ججز مشاورت سے یہ اختیار استعمال کریں گے۔