لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی کے گھر میں پولیس آپریشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔
پولیس آپریشن کے خلاف پرویز الٰہی کے بیٹے راسخ الٰہی نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے جس میں پنجاب حکومت، اینٹی کرپشن اورآئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے اینٹی کرپشن کے مقدمے میں پرویز الٰہی کی 6مئی تک ضمانت منظور کی تھی لہٰذا گھر پر چھاپہ غیرقانونی اوربنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اس مقدمے کے علاوہ اگر کوئی ایف آئی آر درج ہے تو عدالت کے روبرو پیش کی جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ظہور الہی روڈ کلیئرکرنے کا حکم دے اور پولیس کو ہٹنے کی ہدایت جاری کرے جبکہ عدالت حفاظتی ضمانت کی میعاد مکمل ہونے تک پرویز الہی کی گرفتاری روکنے کا حکم دے۔