آئی سی سی انٹرنیشنل کرکٹ کو محفوظ بنانے کے لیے متحرک

569

دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) انٹرنیشنل کرکٹ کو محفوظ بنانے کے لیے متحرک ہوگیا جس کے لیے بڑھتی ہوئی ٹی ٹوئنٹی لیگز کا جائزہ لینے کے لیے3 رکنی ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

ورکنگ گروپ میں جنرل منیجر آئی سی سی وسیم خان، چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ ڈیوڈ وائٹ اور ایمریٹس کرکٹ کے سیکرٹری مبشر عثمانی شامل ہیں۔ غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگز کا جائزہ اور انٹرنیشنل کرکٹ کو بحال رکھنا ورکنگ گروپ کا ٹاسک ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کو خدشہ ہے کہ لیگز کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کو خطرہ ہے، جولائی میں آئی سی سی سالانہ اجلاس میں سعودی لیگ سمیت لیگ کرکٹ پر بحث ہوگی۔ اجلاس میں ورکنگ گروپ انٹرنیشنل کرکٹ کی بقا کے لیے درپیش چیلنجز اور فیوچر ٹور پروگرام کو بحال رکھنے پر بریفنگ دے گا۔

ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ گزشتہ آئی سی سی کے اجلاس میں ہوا۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال برمنگھم میں آئی سی سی سالانہ اجلاس میں ٹی ٹوئنٹی لیگز اور انٹرنیشنل کرکٹ کے محدود ہونے کے خدشے پر گرما گرم بحث ہوئی۔ جولائی میں

امریکا میں میجر لیگ کرکٹ کا آغاز ہونے جا رہا ہے جب کہ سعودی لیگ کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے جسے دنیا کی امیر ترین لیگ قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکا کے بعد چھوٹے لیکن فل ممبر ممالک بھی ریونیو کے لیے لیگز شروع کریں گے اور ایسوسی ایٹ ممالک کے کرکٹرز ملک کے بجائے پیسہ کمانے لیگز کی طرف جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی لیگ سے منسلک امیر ترین کاروباری شخصیات دیگر لیگز سے وابستہ ہو رہے ہیں۔ بھارتی لیگ کے اپریل مئی میں ہونے کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ محدود ہو جاتی ہے۔