ممبئی : انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کی ٹاپ فرنچائزز کے مالکان انگلینڈ کے 6کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑ کر ٹی ٹونٹی لیگز کھیلنے کے عوض 50 لاکھ پائونڈز تک سالانہ معاہدے کرنے پر راضی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ دعوی برطانوی اخبار دی ٹائمز لندن نے اپنی رپورٹ میں کیا ہے۔آئی پی ایل کی تقریباً تمام 10 فرنچائزز نے دنیا کی مختلف ٹی ٹونٹی لیگز جن میں سی پی ایل (ویسٹ انڈیز)، ایس اے ٹی ٹونٹی (جنوبی افریقہ) ، گلوبل ٹیٹونٹی لیگ (یو اے ای)اور امریکہ میں ہونے والی لیگ ٹی ٹونٹی شامل ہیں میں اپنی ٹیمیں خریدی ہیں۔
برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ آئی پی ایل کی ٹاپ فرنچائزز کے مالکان نے انگلینڈ کے 6کھلاڑیوں ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کے بجائے ٹی ٹونٹی لیگز کھیلنے کے عوض 50لاکھ پانڈز تک سالانہ معاہدے کرنے پر بات چیت کی ہے۔
تاہم رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کون سی فرنچائز ہیں جنہوں نے رابطہ کیا ہے جبکہ کھلاڑیوں کے نام بھی سامنے نہیں لائے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ان معاہدوں کے تحت کھلاڑی فٹبال لیگز کی طرح پورے سال کے لیے فرنچائز سے کنٹریکٹ کریں گے۔
دی ٹائمز کے مطابق کھلاڑیوں کو معاہدے کی پیشکش اس سال کے آخر میں کی جا سکتی ہے، رپورٹ میں یہ بھی دعوی کیا گیا ہے کہ اسی طرح کی بات چیت آسٹریلیا کے ٹی ٹونٹی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ہوئی۔