اسلام آباد: چیئرمین پیمرا نے عید الفطرکی تعطیلات کے دوران غیر قانونی انڈین چینلزاور مواد نشر کرنے والے کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی چینلز کی ترسیل میں استعمال ہونے والے آلات کو ضبط کر لیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیمرا کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات اور پیمرا کے ماضی میں جاری کردہ نوٹسزکی روشنی میں کیبل آپریٹرز کے دفاترکی انسپیکشن کے دوران پیمرا ریجنل آفس کراچی، حیدر آباد، سانگھڑ، ٹھٹھہ اور سجاول کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب پائے جانے والے کیبل آپریٹروں کا غیر قانونی چینلز کی ترسیل میں استعمال ہونے والے آلات کو ضبط کر لیا۔
قانون کی خلاف ورزی کرنے والے مذکورہ کیبل آپریٹرز کو اظہار وجوہ کے نوٹسزبھی جاری کیے گئے جن پر پیمرا قوانین کے تحت سزا کا تعین کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران پیمرا ریجنل آفس لاہور کی انفورسمنٹ ٹیموں نے 7 تحصیلوں کے 89 کیبل ٹی وی نیٹ ورکس کا دورہ کیا جن میں شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور شامل ہیں۔
قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کیبل آپریٹرزکو اظہارِوجوہ کے نوٹسز جاری کئے۔ اس کے علاوہ پیمرا ریجنل آفس سرگودھا نے سرگودھا شہر اور خوشاب میں 15کیبل آپریٹرز کا معائنہ کیا جس میں غیرقانونی انڈین چینلزنشر کرنے اور مقررہ حد سے زائد سی ڈی چینلز چلانے والے کیبل آپریٹرز کاسامان ضبط کر لیا۔
پیمرا ریجنل آفس گجرانوالہ کی انفوسمنٹ ٹیموں نے گجرانوالہ شہر، وزیرآباد، سمبڑیال، لالہ موسیٰ، کھاریاں، لدھیوالہ وڑائچ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، نارووال اور حافظ آباد کے مختلف علاقوں میں 14 کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی انڈین چینلز کی ترسیل میں استعمال ہونے والے آلات ضبط کر لیے۔
پیمرا ریجنل آفس ملتان نے بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ، بہاولپور اور رحیم یار خان میں 34کیبل نیٹ ورکس کا دورہ کیا جس میں 20 کیبل نیٹ ورکس کو پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ان کا سامان ضبط کرتے ہوئے کیبل آپریٹرز پر جرمانہ عائد کردیا۔