لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے مذاکرات کی کامیابی کے لیے سب کو دو قدم پیچھے ہٹنا ہوگا ، وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا ، بہتر ہوگا وہ عوام سے بھی براہ راست اعتماد حاصل کریں، چیف جسٹس نے جو گیند اپنی جیب میں ڈالی ہے وہ در اصل ان کے سر پرہمالیہ کا پہاڑ ہے۔
منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ ایوان اور عدلیہ تاحال ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہیں ، غزل جواب آں غزل کی سی صورت ہے، آئین تختہ مشق ، ہرکوئی اپنی تشریح کررہا ہے اور سارے بحران میں نقصان عوام کا ہورہا ہے، جن کے مسائل عدالتوں میں سنے جارہے ہیں نہ پارلیمنٹ میں زیربحث ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے الیکشن سٹیک ہولڈر کی حیثیت سے مذاکرات کی بات ہے اور صدق دل سے عوام اور ملک کے مفاد کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کو ایک ٹیبل پر بٹھانے کی کوشش کررہی ہے ، ہم چاہتے ہیںقوم سے فیصلہ لیا جائے ، ملک میں ماضی کی طرح جھرلو الیکشن نہ ہوں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ادارے مکمل غیر جانبداری دکھائیں اور عوام آزادانہ طور پر اپنے لیے وہ قیادت منتخب کریں جو ملک کو خوشحالی، امن دے سکے اور اسے کلین گرین پاکستان بنائے۔