نگران وزیراعلیٰ کی لاہور کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

302

لاہور:نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے لاہور کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نگران وزیراعلی پنجاب کے زیر صدارت لاہور کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا، نگران وزیراعلی محسن نقوی نے سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ کو بروقت پایہ تکمیل تک نہ پہنچانے پر اظہار نا پسندیدگی کیا،محسن نقوی نے داتا دربار پارکنگ پراجیکٹ بروقت آپریشنل کرنے پرمتعلقہ محکموں کو شاباش دی۔ 

انہوں نے پی ایچ اے کو لاہور ائیر پورٹ پر رن وے کے سا تھ ساتھ شجرکاری کا ٹاسک دیا،وزیر اعلی پنجاب کو لاہور کی 54سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور کی سڑکوں کے ساتھ فٹ پاتھ، سائیکل اور بائیکرز ٹریکس بھی بنائے جائیں گے۔

محسن نقوی کو بریفنگ دی گئی کہ شہر خموشاں اتھارٹی کے تحت لاہو رکے 4ماڈل قبرستان چند ہفتے میں مکمل ہوجائیں گے، صوئے آصل، آصل سلیمانی، بھائی کوٹ رائیونڈ روڈ، آہلو ماڈل قبرستانوں کے لئے 5بسیں مہیا کی جائیں گی۔

وزیر اعلی کو آگاہ کیا گیا کہ ماڈل قبرستانوں کے لئے 3ایمبولینسیں آپریشنز کے لئے 1122کے سپرد کر دی گئی ہیں، داتا دربار ون وے انٹری کو جلد ا زجلد آپریشنل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیرہائوسنگ و اوقاف اظفر علی ناصر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریز ہاسنگ، فنانس، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، سی اینڈ ڈبلیو، اوقاف، سی بی ڈی، رنگ روڈ اتھارٹی، ٹیپا، سول ایوی ایشن اوردیگر متعلقہ محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی، چیف سیکرٹری ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔