لاہور: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جب تک انصاف اور قانون کی عملداری نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرسکے گا، جب مجھے انصاف نہیں ملا تو غریب اور عام شہریوں کو کیسے ملے گا۔
زمان پارک میں پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں اپنے اوپر ہونے والے حملے کے بعد تین ملوث لوگوں کیخلاف مقدمہ درج نہیں کروا سکا جبکہ مجھے معلوم بھی تھا، ایک آفیسر کا نام آنے پر پولیس نے میری شکایت پر مقدمہ درج نہیں کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے برطانیہ میں زندگی گزاری اور وہاں قانون کی عملداری دیکھی اس لیے اپنی تحریک کا نام انصاف رکھا، جب مجھے جو سابق وزیر اعظم ہے اسے انصاف نہیں ملا تو غریب کسان اور شہری کو کیسے مل سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں انصاف ہوتا ہے وہاں پر لوگ آزاد ہوتے ہیں، انہوں نے اعظم سواتی کو اٹھایا، علی امین گنڈا پور کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا اور اب میرے چیف سیکیورٹی آفیسر خاور گھمن کو گرفتار کرلیا جبکہ میری جان کو خطرات لاحق ہیں، خاور گھمن ہی میری سیکیورٹی دیکھتا تھا ۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا سب کچھ بیرون ملک ہے تو یہ پاکستان کے کیسے فیصلے کر سکتا ہے، نواز شریف حکم دے رہا ہے کہ عمران خان کو نااہل کیا جائے، 2011 میں مینار پاکستان جلسہ دیکھ کر الیکٹ ایبل نے پی ٹی آئی میں آنا شروع کیا، نواز شریف آج تک مینار پاکستان میں جلسہ نہیں کر سکے، خیبرپختونخوا کا ریکارڈ ہے وہاں کے لوگ کسی جماعت کو دوسری بار حکومت نہیں بنانے دیتے لیکن تحریک انصاف نے پھر حکومت بنائی۔