اسلام آباد :ملک بھر میں عیدالفطر کا تیسرا روز بھی خوب جوش و خروش سے منایا گیا اور گہما گہمی رہی ۔
عوام رشتے داروں کے گھروں پر جانے اور دعوتوں میں مشغول دکھائی دیئے، لوگوں کی بڑی تعداد نے پارکس اور سیر و تفریح کے مقامات کا رخ کیا، کراچی میں ساحل سمندر پر تفریح کے لئے آئے لوگوں کا رش دیکھاگیا۔
بچے جھولے جھولنے میں مصروف رہے ،عیدی کے پیسوں سے مزے مزے کی چیزیں خرید کر ان سے خوب لطف اندوز ہو ئے ، گھروں میں مزے مزے کے کھانے پکائے گئے ۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف پارکوں میں شہریوں کی بڑی تعداد عید الفطر کی خوشیوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے پہنچی ہے، ملک بھر کے تمام اہم شہروں کے چڑیا گھروں میں بھی بچہ پارٹیوں نے ہلہ بول دیا ۔