اسلام آباد: عید کی چھٹیوں میں گرفتاری کےخدشہ کے پیش نظر عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق کل کیس کی سماعت کریں گے۔ درخواست میں کہا معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت عید کی چھٹیوں میں زمان پارک لاہور کی رہائش گاہ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور گرفتار کرنا چاہتی ہے اس لیے عید کے دنوں میں گرفتاری کو عدالتی اجازت سے مشروط کیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرا ئی ہے جس میں وفاق کو بذریعہ سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس اور ڈی جی ایف آئی اے کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کرپشن کے خلاف آواز اٹھا رہے اس لیے رجیم چینج کے بعد سے فریقین چیئرمین پی ٹی آئی کو پی ڈی ایم حکومت کی ایما پر ہراساں کر رہے ہیں۔
مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسلام آباد کے تھانوں میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، خفیہ انداز میں کوئی مقدمہ درج کیا گیا تو اس کی معلومات بھی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے اور کسی بھی مقدمہ میں گرفتاری کو عدالتی اجازت سے مشروط کیا جائے۔