راولپنڈی:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ ماننے والا اپنے انجام کو پہنچے گا، عدلیہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری اسی ہفتے پوری کریگی ساری قوم عدلیہ کے پیچھے کھڑی ہے، پیسے بھی دینے ہوںگے الیکشن بھی ہوں گے اورانتظامات بھی ہوں گے، ملک معاشی سیاسی آئینی اقتصادی اور عدالتی بحران کے نرغے میں آگیاہے اس ہفتے میں سپریم کورٹ کاہونیوالافیصلہ ملکی حالات کی سمت کافیصلہ کریگا۔
ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کوپیسے ٹرانسفر کراکے رہے گا جوسپریم کورٹ کافیصلہ نہیں مانے گاوہ اپنے انجام کو پہنچے گا 90 دن گزرگئے ہیں نگران حکومتیں ختم ہوگئی ہیں سپریم کورٹ سارے ملک کوبحران سے نکالے گی وہ پارلیمنٹ جس میں ممبرہی نہیں آتے اور وہ 85 رکنی غیرقانونی کابینہ عدالت کاخاک مقابلہ کرے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ مہنگائی بیروزگاری پرکوئی اجلاس نہیں ہورہاوزیرخزانہ لاپتہ ہیں وزیرداخلہ وزیرقانون عدلیہ کودھمکیاں دے رہے ہیں ،وزرا ء کے بیانات آرٹیکل6کودعوت دے رہے ہیں۔عالمی سطح پرپٹرول سستا اورپاکستان میں پٹرول، ایل پی جی 10روپے مزیدمہنگا،حکومت نے عوام کاکچومر نکالاہے عوام ان کاکچومرنکال دے گی اس ہفتے آرپارہوجائیگا۔