امریکی وزیرخارجہ کو میرے خط کا مطلب عمران خان کی حمایت نہیں، رکن کانگریس  

479

واشنگٹن:امریکی کانگریس کے رکن بریڈ شرمین نے کہا ہے کہ عمران خان نے بتایا ہے کہ وہ امریکا مخالف نہیں ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمین نے کہا کہ عمران خان نے مجھے فون کال کی اور کہا کہ وہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں اور امریکا کے مخالف نہیں ہیں۔ پاکستان  کی  سپریم کورٹ نے الیکشن کروانے کا فیصلہ اس وقت جاری کیا تھا جب میری عمران خان سے بات ہوئی۔

رکن کانگریس کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں پاکستان میں انسانی حقوق اور جمہوری آزادیوں سے متعلق امریکی وزیر خارجہ کو لکھے گئے خط کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ عمران خان کی حمایت کرتے ہیں۔ہ ٹوئٹر اور کچھ جگہوں پر لوگ کہہ رہے ہیں کہ امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن کو میرا  لکھا گیا خط عمران خان کی حمایت میں ہے لیکن یہ حقیقت نہیں ہے۔

بریڈ شرمین نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت گرانے کا الزام امریکا پر عائد کیا تھا۔ میں نے ان کے اس موقف پر تنقید کی تھی۔ اس بارے میں سماعتوں نے یہ بات واضع کر دی ہے کہ کانگریس نے اس کے لیے کوئی رقم فراہم نہیں کی۔