تہران:ایرانی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے ذرائع کے مطابق ایرانی حکومت نے اپنے اتحادی شام کو زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیوں کی آڑ میں اسلحہ اور فوجی ساز و سامان فراہم کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کی خصوصی رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے اسلحے کی فراہمی کا مقصد شام میں موجود ایرانی تنصیبات کو اسرائیلی حملوں سے محفوظ بنانا اور شامی صدر بشار الاسد کو ان کے دشمنوں کے مقابلے میں مضبوط بنانا تھا۔
شمالی شام اور عراق میں چھ فروری کو آنے والے ہولناک زلزلے کے بعد شام کے شہروں حلب، دمشق اور الاذقیہ میں سینکڑوں ایرانی فلائٹس امدادی سامان لے کر پہنچی۔ ذرائع کے مطابق ان فلائٹس کا یہ سلسلہ سات ہفتوں تک جاری رہا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اس امدادی سامان کی آڑ میں کمیونیکیشن کا جدید ترین سامان، ریڈار اور ایران کے فراہم کردہ دفاعی نظام کو اپ گریڈ کرنے کے لئے ضروری سامان شام پہنچایا گیا۔ انہوں نے یہ معلومات اپنے مغربی انٹیلی جنس اور ایرانی و اسرائیلی قیادت کے قریب موجود اپنے ذرائع سے حاصل کی ہیں۔