لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو ماننے سے انکار نہیں کر سکتی،آئین کے تحت سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں عدالتی نظام کو مذاق بنا لیا گیا ، یہاں عدالت حکم دیتی ہے اور عمل نہیں ہوتا، آئین کے تحت سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہے، کوئی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو ماننے سے انکار نہیں کر سکتی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئین کے تحت 90 دن میں الیکشن ہونا لازمی ہیں، ہم عدلیہ کی عزت کی جنگ لڑ رہے ہیں، وکلا معمول کے مطابق عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، پورا پاکستان سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہو کر آئین کیلئے جدوجہد کرے گا،( ن) لیگ کی عدلیہ پر حملوں کی تاریخ پرانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے، مذاکرات کی دعوت وزیراعظم نے دینی ہے، بات چیت کیلئے مذاکراتی وفد بنا دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اظہر صدیق کے گھر پر رات کو حملہ کیا گیا، ان کے گھر پر پٹرول بم پھینکا گیا، اظہر صدیق کو ڈرانے کی کوشش کی گئی۔