اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ موثر قانون سازی کے لیے دانشوروں اور ماہرین کا تعاون ضروری ہے، قانون سازی پارلیمنٹ کی اولین ذمہ داری ہے جس کی انجام دہی کے لیے قوانین کے مسودوں کی تیاری کے مرحلے میں تحقیقی اور تکنیکی معاونت انتہائی اہمیت کی حامل ہے،قومی اسمبلی وفاقی اور صوبائی سطح پر قانون سازی کے لیے اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرنا چاہتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں انٹرن شپ کے تحت ملک بھر سے ٹریننگ حاصل کرنے والے نوجوان وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے تربیتی پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ دانشوروں، ماہرین قانون نویسی اور پارلیمنٹ کے درمیان تعاون عوامی فلاح و بہبود کے لیے موٹر قانون سازی کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے انٹرن وکلا کی قانون سازی اور ڈرافٹنگ میں لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈرافٹنگ میں مہارت حاصل کر کہ وہ ایک اعلی وکیل اور جج بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہ پارلیمنٹ وہ ادارہ ہے جہاں پر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی کی جاتی ہے۔قانون سازی کے عمل میں ماہرانہ رائے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے ٹریننگ حاصل کرنے والے وکلا کو سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔