بھارت کی جانب سے کشمیر میں جی 20 اجلاس بلانے پر پاکستان سخت برہم

469

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں منعقدہ جی 20 اجلاس پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت جی 20 اجلاس غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور بھارت نے ٹورازم ورکنگ گروپ کا اجلاس 22 سے 24 مئی تک سری نگر میں شیڈول کیا ہے۔

بھارت کا غیر ذمہ دارانہ اقدام مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ جاری رکھنے کا اقدام ہے اور یہ اقدام کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو خاطر میں نہیں لایا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ اقدام سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چارٹر کی خلاف ورزی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات جموں و کشمیر کی حقیقت کو چھپا نہیں سکتے، مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور مقبوضہ کشمیر 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔