عمران خان کو توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں 11 اپریل کو طلب کر لیا

284
canceled

اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں 11 اپریل کو طلب کر لیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کی درخواست پر طلبی کے سمن جاری کر دیے ہیں ۔

عمران خان  کو11  اپریل کو صبح 8 بج کر 30 منٹ پر پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے، سمن میں مزید کہا گیا کہ عدم پیشی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ تفتیشی افسر کو بھی مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالت نے نوٹس کی تعمیل نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ عملے کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔خیال رہے کہ اسلام آباد کی سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی 30 مارچ کو حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی تھی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں ہوئی تھی۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری اور خواجہ حارث عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی تھی۔

اس موقع پر عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا تھا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، حکومت نے عمران خان سے سیکیورٹی واپس لے لی ہے، چیف جسٹس اسلام آباد نے عمران خان کی سیکیورٹی واپس لینیکی رپورٹ طلب کی ہے، وہ سیکیورٹی خدشات کے باعث عدالت میں موجود نہیں ہیں، وہ ویڈیو لنک کے ذریعے بھی عدالت میں پیش ہوسکتے ہیں لہذا عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کی جائے تاہم دیگر عدالتی کارروائی جاری رکھیں گے۔