سفارتی مشن کی بحالی کیلئے سعودی وفد ایران پہنچ گیا

470

ریاض/تہران:سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران میں سفارتی مشن کی دوبارہ بحالی کیلئے سعودی عرب کا ایک وفد تہران پہنچ چکا ہے۔ 

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سعودی وفد کا یہ دورہ چین میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد ہوا ہے جب انہوں نے گزشتہ ماہ سفارتی تعلقات کی بحالی پر اتفاق کیا تھا۔ 

سعودی وزارت خارجہ نے سرکاری میڈیا  کے ذریعے سے بتایا کہ یہ دورہ 10 مارچ کو چین کی ثالثی میں دونوں علاقائی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے سہ فریقی معاہدے پر عمل درآمد کا حصہ ہے، جس سے 2016 سے کشیدہ تعلقات کو بحال کیا جا سکتا ہے۔ 

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہ نے بیجنگ میں ملاقات کی تھی اور خلیجی خطے میں سلامتی اور استحکام لانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ 

وزارت خارجہ نے بتایا کہ ہفتے کے روز ایک سعودی وفد نے تہران میں وزارت خارجہ میں ایران کے چیف آف پروٹوکول سے ملاقات کی۔