سپریم کورٹ فیصلے کے بعد کی حکمت عملی: وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب

244

اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف نے کل اتوار کو  دوپہر دو بجے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق حکمت عملی اور قانونی مشاورت پر بات ہو گی۔ وفاقی کابینہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، اجلاس میں عدالتی اصلاحات بل کی واپسی اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظور کرانے پر بھی بات ہو گی۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے چند روز قبل عدالتی اصلاحات کا بل منظور کر کے توثیق کے لیے صدر پاکستان کو بھیجا تھا تاہم صدر عارف علوی نے بل نظر ثانی کے لیے واپس پارلیمنٹ کو بھیج دیا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا بادی النظر میں یہ بل پارلیمنٹ کے اختیار سے باہر ہے، بل قانونی طور پر مصنوعی اور ناکافی ہونے پر عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے، میرے خیال میں اس بل کی درستگی کے بارے میں جانچ پڑتال پوری کرنے اور دوبارہ غور کرنے کے لیے واپس کرنا مناسب ہے۔