لاہور: مبینہ  مقابلے میں شہری کی ہلاکت پر پولیس رپورٹ مسترد

82

لاہور: پولیس کی جانب سے مبینہ مقابلے میں شہری کی ہلاکت کے کیس میں عدالت نے انکوائری رپورٹ مسترد کردی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق شہری کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے خلاف درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ میں ہوئی۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس ملک شہزاد نے سماعت کے دوران پولیس انکوائری رپورٹ مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عدالت اس رپورٹ سے مطمئن نہیں ہے۔ عدالت نے سی سی پی او لاہور کو آئندہ سماعت پر نئے سرے سے انکوائری کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

شہری کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے خلاف درخواست ناصرہ بی بی نے دی تھی،  جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پولیس نے بیٹے یاسین کو 16 مارچ کو گرفتار کیا۔ مقدمات میں نامزد کردیا اور 23 مارچ کو پولیس مقابلے میں مار دیا۔ بیٹا کسی مقدمے میں نامزد نہیں تھا، مزدوری کرتا تھا۔ عدالت بیٹے کے قاتلوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔