متنازع انتخابات ملک کو انارکی کی جانب دھکیلیں گے،رانا ثناء اللہ

329

راولپنڈی:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ایک شخص کی ہٹ دھرمی کسی صورت قبول نہیں ، ایک آدمی اپنی انا اور ضد پر اڑا ہوا ہے، کبھی لانگ مارچ اور کبھی عوام کے ذریعے الیکشن چاہتا ہے، متنازع انتخابات خدانخواستہ ملک کو انارکی اور افرا تفری کی جانب دھکیلیں گے۔

راولپنڈی میں وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں متنازع طریقے سے الیکشن کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم الیکشن سے گھبرانے والے نہیں ہیں، ہم ہمیشہ عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئے، الیکشن لڑے اور ووٹ کی طاقت سے منتخب ہو کر آئے۔

ان کا کہنا تھا الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے ججز میں بھی اتفاق نہیں، اس قسم کا الیکشن ملک کو انارکی اور افرا تفری کی طرف دھکیلے گا، ایسے انتخابات خدانخواستہ ملک کی تباہی کا باعث بنیں گے، ہم اس تباہی کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایک شخص کی ہٹ دھرمی کسی صورت قبول نہیں کریں گے، ایک آدمی اپنی انا اور ضد پر اڑا ہوا ہے، کبھی لانگ مارچ اور کبھی عوام کے ذریعے الیکشن چاہتا ہے، الیکشن ضرور ہوں گے لیکن وقت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مرضی اور رائے سے، جن الیکشنز پر سیاسی جماعتوں، الیکشن کمیشن اور باقی اداروں کا اتفاق نہیں تو ایسے الیکشن کیسے ہو سکتے ہیں۔