آئین، ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ تینوں الیکشن کیلئے ایک صفحہ پر ہیں، پرویزالٰہی

341

لاہور:سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے وزیرآباد چودھری پرویزالٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ہیڈ ڈاکٹر عبدالوحید نے ملاقات کی۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کے خوف سے پی ڈی ایم دماغی توازن کھو چکی ہے، حکومت دہشت گردوں سے لڑنے کی بجائے عدلیہ اور عوام سے لڑ رہی ہے، آج پوری قوم جاگ رہی ہے اور آئین پاکستان پر پہرہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سرخرو ہوں گے اور سپریم کورٹ کے خلاف نوازشریف کے ناپاک ارادے خاک میں مل جائیں گے، سرکاری ٹولے اور ان کے ڈھولچیوں کے حصے میں رسوائی کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سووموٹو اور بنچوں کی بحث ثانوی اور سپریم کورٹ کا اندرونی معاملہ ہیں، اصل بات نوے روز میں الیکشن کی ہے جسپر سپریم کورٹ کے معزز ججوں میں کوئی اختلاف نہیں، تمام جج صاحبان کہہ چکے ہیں کہ نوے روز میں الیکشن آئین کا تقاضا ہے۔

 چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آٹے کی قطاروں میں مرنے والوں کا خون شہبازشریف اور محسن نقوی کی گردن پر ہے، مفت آٹے کی نام پر غریبوں میں ذلت اور موت بانٹی جا رہی ہے، غریبوں کے گھروں میں آٹے سے پہلے ان کے پیاروں کی لاشیں پہنچ رہی ہیں۔