قوم کو فیصلہ کرنا ہے عدلیہ پر حملہ آوروں کا ساتھ دیگی یا احترام کرنے والوں کا، رانا ثناء اللہ

472
The nation

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ قوم کو آج فیصلہ کرنا ہو گا وہ عدالتوں پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ کھڑی ہو گی یا عدلیہ کا احترام کرنے والوں کا ساتھ دے گی۔

رانا ثناء اللہ نے سابق وزیر اعظم کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئےکہا کہ عمران نیازی صاحب آپ درست فرما رہے ہیں کہ ملک و قوم اس وقت ایک انتہائی نازک موڑ پر کھڑے ہیں، آج قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اجتماعی شعور کا ساتھ دے گی یا تکبر اور ہٹ دھرمی کی بنیاد پر کئے گئے فیصلوں کا۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم فتنے کے آگے جھکے گی یا خیر کیلئے اٹھ کھڑی ہوگی، اداروں کا احترام کرے گی یا اپنی انا کی تسکین کیلئے اداروں کو توڑنے والوں کا ساتھ دے گی، جمہوری رویوں کو اپنائے گی یا عدم برداشت کے کلچر کو اپنائے گی، قانون نافذ کرنے والوں کا ساتھ دے گی یا ان پر پٹرول بم چلانے والوں کا ساتھ دے گی۔

وفاقی وزیر داخلہکا مزید کہنا تھاکہ قوم انصاف کرنے والوں کا ساتھ دے گی یا انصاف کے نام پر اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہنے والوں کا ساتھ دے گی، جمہوریت، عزت و احترام اور جیو اور جینے دو کے نظریہ کو اپنائے گی یا جلا دو، مار دو اور کسی کو نہیں چھوڑوں گا جیسے پاگل پن کا ساتھ دے گی۔