پشاور سے کراچی اسلحے کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

368

کراچی: پشاور سے کراچی اسلحے کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی، اسلحہ ممکنہ طور پر دہشت گردی کی وارداتوں میں استعمال ہونا تھا۔

سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش نے تیموریہ شیر شاہ سوری روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔انچارج سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن کے مطابق کارروائی کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان میں وصال آفریدی، یاسر مہمند اورعطا آفریدی شامل ہیں۔

برآمد اسلحے میں 1 ایل ایم جی ، 6 نائن ایم ایم پستول، 8تیس بور ،ایک پین پستول،نائن ایم ایم کی 750 ،تیس بور 200 گولیاں شامل ہیں جبکہ 2بڑے اور 14 چھوٹے پستول کے میگزین بھی برآمد ہوئے۔انچارج سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ اسلحہ ممکنہ طورپر دہشت گردی کی وارداتوں میں استعمال ہوناتھا، اسلحہ مسافر بس کیذریعے پشاور سے کراچی منتقل کیاجارہا تھا ، اسلحے کی کھیپ کو بس کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔

ملزم یاسر کا بھائی چند روز قبل سکھر پولیس کے پشاور سے سکھر اسلحہ منتقلی کے دوران گرفتار ہوا جبکہ ملزم وصال سکھر میں بھی منشیات اور اسلحہ اسمگلنگ میں گرفتار ہوچکا ہے۔انھوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش کی حالیہ دنوں کی دوسری بڑی کارروائی ہے پہلی کارروائی میں بھی اسلحے کی ترسیل کو ناکام بنایا گیا تھا تاہم ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج، مذید تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔