دوران میچ امپائر کے فیصلے کی حمایت کرنے پر تماشائی کا قتل

681

بھارت میں کرکٹ میچ کے دوران امپائر کے فیصلے کی حمایت کرنے پر ایک تماشائی کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کو اوڈیشہ کے ضلع کوٹک میں کرکٹ میچ کے دوران ایک تماشائی ہلاک ہو گیا۔

پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ دوپہر تقریباً 12.30 بجے دو ٹیموں برہم پور اور سنکر پور کے درمیان کرکٹ میچ کے دوران پیش آیا جب مخالف ٹیم نے برہم پور ٹیم کے بلے باز کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرنے کی اپیل کی۔ اور امپائر نے اسے آؤٹ قرار دیا۔

تاہم، امپائر کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے، بیٹنگ ٹیم امپائر کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنے اور اسے ’نو بال‘ قرار دینے پر مجبور کرنا چاہتی تھی۔

اس دوران میچ دیکھنے آئے 22 سالہ نوجوان نے بیٹھے امپائر کے فیصلے کی حمایت کرنے کی کوشش کی تو چند لوگوں نے مبینہ طور پر اس کی پٹائی کی اور تیز دھار آلے سے حملہ کردیا۔

پولیس نے زخمی نوجوان کو مقامی اسپتال منتقل کیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان پر حملہ کرنے والوں کی شناخت ہو گئی ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔