پاکستان جونیئر ٹینس ٹیم نے ورلڈ گروپ ایونٹ کیلئے کوالیفائی کر لیا

750

اسلام آباد : پاکستان جونیئر ٹینس ٹیم نے ملائیشیا میں کھیلے گئے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف )جونیئر ٹیم مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر ورلڈ گروپ ایونٹ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

ملائیشیا کے شہر کچنگ میں آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس جونیئر ٹیم مقابلوں میں پاکستان نے کوارٹر فائنل میں مضبوط آسٹریلوی ٹیم کو 2-1 سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا اور ورلڈ گروپ ایونٹ کے لئے کوالیفائی کر لیا جو اس سال کے آخر میں جمہوریہ چیک میں منعقد ہوگا۔

کوارٹر فائنل کے بوائز سنگلز میں ابوبکر طلحہ نے تاکی تاکیزاوا کو 6-4،3-0 سے شکست دی جبکہ کوس کوپر نےحمزہ رومن کو 6-2،6-1 سے ہرایا۔ بوائز ڈبلز میں ابوبکر طلحہ /حمزہ رومن نے کوس کوپر / انتھونی بیکر نکولس کو 6-1،6-4 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن( پی ٹی ایف )سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آسٹریلیا کو شکست دینے پر ٹیم اور کپتان کو مبارکباد دی ہے ۔