عمران خان اداروں کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، صوبائی وزیر  

392

کراچی:وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان اور قوم نے 75 سالہ تاریخ میں بہت سے مشکل مراحل کا سامنا کیا ہے لیکن عمران خان اور پی ٹی آئی نے بیرونی طاقتوں کی ایماءپر ملک میں جو انتشار پھیلایا ہے ، اس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے منصوبہ بندی سے ریاستی اداروں کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے ، عمران خان کا پہلا ٹارگٹ پارلیمنٹ تھا ،عمران نے پارلیمنٹ کو ترجیح دینے کے بجائے دھرنوں اور لانگ مارچ کو فروغ دیا ،اقتدار میں آکر پارلیمنٹ کو کوئی اہمیت نہیں دی۔

 شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ عمران خان نے بارہا آئین و قانون کو پامال کیا ،کیا عمران خان پارلیمنٹ سے زیادہ اہم ہیں ؟ عمران خان کا دوسرا ٹارگٹ الیکشن کمیشن رہا ، اور وہ الیکشن کمیشن کی ساکھ کو مسلسل نقصان پہنچاتا رہا ہے ، کیا عمران خان الیکشن کمیشن آف پاکستان سے زیادہ اہم ہے ؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا تیسرا ٹارگٹ عدالتیں رہی ہیں، معزز جج صاحبان کے نام لے لے کر دھمکیاں دیتا رہا ، کھلے عام عدالتوں کی توہین کرتا رہا، ہمارے نظام عدل کے حالات سب کے سامنے ہیں۔ کیا عمران خان عدلیہ سے زیادہ اہم ہے۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کا چوتھا ٹارگٹ میڈیا اور صحافی بنے ،صحافیوں پر حملے کروائے گئے اور لاپتہ کرایا، ملازمتوں سے فارغ کروایا ، ٹی وی مالکان کو جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں ڈالا گیا ،کیا عمران خان میڈیا سے زیادہ اہم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2013 سے ملک میں غیر یقینی کی صورتحال کو فروغ دیا ہے، جس سے سرمایہ کار گھبرا گئے ، حکومت میں آئے تو اناڑی کھلاڑیوں کو خزانہ کا نگران بنا دیا ، جس کے نتائج ملک کی عوام آج تک بھگت رہے ہیں، کیا عمران خان ملک کی معیشت سے زیادہ اہم ہے۔