وزارت مذہبی امور نے حج اخراجات میں کمی کی نوید سنادی

395

اسلام آباد:وزارت مذہبی امور نے حج اخراجات میں کمی کی نوید سنادی ، سرکاری اسکیم کے تحت عازمین حج  کو 45 ہزار روپے کمی ممکن ہوسکے گی۔

وزرات مذہبی امور  کے مطابق پاکستانی کرنسی مزید گراوٹ کا شکار نہ ہوئی تو فائدہ پاکستانی عازمین کو منتقل کریں گے، سعودی حکومت سے مذاکرات  کرکے حج پیکج کو سستا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

 جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوشش ہے کہ شمالی ریجن کے لئے سرکاری حج پیکج 11لاکھ 75ہزار سے کم کرکے 11لاکھ 30ہزار تک لایا جائے ، جنوبی ریجن کے لئے 11لاکھ 65 ہزار والا سرکاری حج پیکج سستا ہوکر 11لاکھ 20ہزار تک دستیاب ہوسکے ، شمالی ریجن اسلام آباد ،لاہور،پشاور ، ملتان ،فیصل آباد، رحیم یار خان اور سیال کوٹ پر مشتمل ہے،جنوبی ریجن میں کراچی،کوئٹہ اور سکھر شامل ہیں۔

 بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں برس ایک لاکھ 79ہزار 210پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے،سرکاری اسکیم کے تحت 89ہزار 605پاکستانی حجاز مقدس جائیں گے،سرکاری حج اسکیم کا 50فیصد کوٹہ اسپانسر شپ اسکیم کے لئے مختص کیا گیا ہے،44,802نشستیں اسپانسر شپ  اسکیم کے تحت ڈالرز میں حج اخراجات جمع کروانے والوں کے لیے مختص ہیں۔