کوئٹہ: ترجمان وزیر اعلیٰ بلوچستان بابر یوسفزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار خاتون ماہل بلوچ کے حوالے سے تمام ثبوت موجود ہے اور ماہل بلوچ کا شوہر کالعدم تنظیم بی ایل ایف کا کمانڈر تھا جبکہ وہ خود دہشت گردی کا اعتراف بھی کر رہی ہے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ جو خودکش جیکٹ ماہل سے برآمد ہوئی وہ کسی اور کو دینی تھی، ماہل بلوچ کے حوالے تمام ثبوت موجود ہے اور ماہل بلوچ کا شوہر کالعدم تنظیم بی ایل ایف کا کمانڈر تھا۔
انہوں نے کہا کہ دوران حراست مائل کا بے حد خیال رکھا گیا ، ایک لیڈی کانسٹیبل مسلسل ان کے ساتھ ہے انے کھانے پینے کا بھی خیال رکھا جا رہا ہے جبکہ ماہل پر کسی قسم کا کوئی تشدد بھی نہیں کیا گیا یہی وجہ ہے کہ خاتون نے خود ہی پولیس کے اچھے روئیے سے متاثر ہو کر دہشت گردی کا نہ صرف اعتراف کیا بلکہ سارے حقائق بھی بتا دئیے ۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایا نے کہا کہ تفتیش کے بعد عدالتوں سے بھی مطلوب افراد کی گرفتاری کے لیے وارنٹ لیں گے، ماہل بلوچ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں دہشت گردوں کا تعاقب کیا جائے گا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ سہولت کاروں کی گرفتاری کی جائے گی، اگر زبردستی بیان لیا جائے تو عدالت میں حقائق سامنے آجائیں گے۔