اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے کہاہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) یا کسی ملک نے پاکستان کی جوہری صلاحیت کے حوالے سے کوئی شرط عائد نہیں کی ، نہ ہی پاکستان سے کوئی مطالبہ کیا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے میں تاخیر خالصتا تکنیکی وجوہات کی بنا پر ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ 16 مارچ 2023 کو سینیٹ آف پاکستان کے فلور پر آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر کی وجوہات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان کے جوہری پروگرام کے حوالے سے ان کاتبصرہ ایک ساتھی سینیٹر کے مخصوص سوال کے جواب میں تھا جس میں، میں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو بغیر کسی بیرونی ڈکٹیشن کے اپنا جوہری پروگرام ڈویلپ کرنے کا حق حاصل ہے، کیونکہ یہ ہمارے قومی مفادات کے عین مطابق ہے،اس بیان کو کسی بھی طرح سے آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات سے نہیں جوڑنا چاہئے۔
اسحق ڈآر نے کہاکہ آئی ایم ایف یاکسی دوسرے ملک نے پاکستان کی جوہری صلاحیت کے حوالے سے کوئی شرط عائد کی ہے اور نہ ہی پاکستان سے کوئی مطالبہ کیا ہے۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف سطح کے معاہدے میں تاخیر خالصتا تکنیکی وجوہات کی بنا پر ہے، سٹاف سطح کے معاہدے کوحتمی شکل دینے کیلئے پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل رابطہ ہے
اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی میں اکانٹنٹس کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔