امرتسر: بھارتی پولیس نے خالصتان تحریک کے حامی سکھ رہنما امرت پال سنگھ کو گرفتارکرلیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ’وارث پنجاب دے‘ نامی تنظیم کے سربراہ کو جالندھر کے علاقے نکودر کے قریب سے گرفتار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سکھ فیڈریشن یوکے سمیت سکھوں کی بین الاقوامی تنظیموں نے امرت پال سنگھ کی گرفتاری کی مذمت کی ہے اوراسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔
تنظیم کے رہنما نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ امرت پال سنگھ کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ ان کے دیگر ساتھیوں کو پولیس نے پہلے ہی جالندھر میں گرفتارکرلیا تھا، جس کے بعد ان سے نامعلوم مقام پر تفتیش کی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ امرت پال سنگھ کیخلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے سمیت 3 مختلف مقدمات درج ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس نے سکھ رہنما کے ساتھیوں سے بغیرلائسنس جدید اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔ واقعے کے بعد بھارتی پنجاب میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔