اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان گرفتاری سے بچنے کیلئے سر عام ریاست اور عدالت کی رٹ کو چیلنج کر رہا ہے۔ عمران خان نے توہین عدالت ہی نہیں کی بلکہ عدالتی حکم کی بھی دھجیاں اڑائیں لیکن ان کے خلاف کوئی عدالتی ایکشن نہیں ہورہا ہے۔غیر مسلح پولیس پر عمران خان کے مسلح کارکنان کا تشدد ناقابل معافی ہے۔
ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ یاسمین راشد کی آڈیولیک تحریک انصاف کے کارکنان کا مسلح اور پر تشدد ہونیکا ثبوت ہے۔عدالت کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے۔ اگر پیپلز پارٹی نے اس طرح کیا ہوتا تو ہم پر ملک دشمن ہونے کے فتوے لگ چکے ہوتے۔ یہاں غیر مسلح پولیس پر پٹرول بم گرائے گئے پھر بھی کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔
شیری رحمان نے کہا کہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا ڈرپوک خان نے گرفتاری سے بچنے کیلئے پولیس پر پٹرول بم گرائے۔ کیا سیاسی جماعتیں اس طرح کی احتجاج کرتی ہیں؟ انہوں نے پوری دنیا میں ملک کا تماشا لگا ہے۔ یہ نہ عدالت میں پیش ہوتے ہیں نہ ہی عدالت کا حکم مانتے ہیں۔ عدالت اپنی اور ریاست کی رٹ کا تحفظ کرے۔