مریم کا گوجرانوالہ اور حمزہ کا لاہور کے تینوں حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ

604

لاہور ، گوجرانوالہ: ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز اور وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے انتخابات لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے گوجرانوالہ سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ حمزہ شہباز نے لاہور کے تینوں حلقوں سے الیکشن کے میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز حلقہ پی پی 63 سے انتخاب لڑیں گی اور اس کے لیے انہوں نے پی پی 63 کے انتخابی فارم بھی حاصل کرلیے ہیں جبکہ فارم ن لیگ کے سٹی نائب صدر شعیب بٹ کے ذریعے وصول کیے گئے ہیں۔

ذرائع ن لیگ نے بتایا کہ مریم نواز کے کاغذات کل ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں جمع کروائے جائیں گے اور شعیب بٹ نے مریم نواز کے فارم وصول کرنے کی تصدیق کردی۔ خیال رہے کہ سال 2018 کے انتخابات میں حلقہ پی پی 63 سے اشرف انصاری ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔ اشرف انصاری ن لیگ کے منحرف اراکین میں شامل رہے اور بعد میں ن لیگ میں واپس آ گئے تھے۔

دوسری جانب حمزہ شہباز نے پی پی146، پی پی 147، پی پی163 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے لاہور کے3 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔