بیجنگ: چین نے کووڈ 19 کی وبا پھوٹنے کے 3 سال بعد پہلی مرتبہ تمام کیٹیگریز کے ویزے جاری کرنے کی اجازت دیتے ہوئے غیر ملکی سیاحوں کے لیے اپنی سرحدیں دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کووڈ 19 کے تدارک کے لیے سرحدوں پر نافذ کیے گئے پابندی کے سخت اس آخری اقدام کو بھی واپس لینے کا فیصلہ ایسے وقت میں لیا گیا جب کہ گزشتہ ماہ حکام کی جانب سے کورونا وائرس پر فتح کا اعلان کیا گیا تھا۔
سیاحت کی صنعت سے وابستہ اندرونی ذرائع کو فوری طور پر سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد یا معیشت میں نمایاں اضافے کی توقع نہیں ہے، 2019 میں عالمی سیاحت میں چین کا مجموعی مقامی پیداوار کا حص صرف 0.9 فیصد تھا۔
سیاحوں کے لیے ویزا کا اجرا دوبارہ شروع کرنا بیجنگ کی جانب سے چین اور دنیا کے درمیان سفری سہولیات کو معمول پر لانے کے لیے بڑی کوشش کو ظاہر کرتا ہے جس نے جنوری میں شہریوں کو غیر ملکی سفر سے روکنے کی اپنی ایڈوائزری واپس لے لی تھی۔