عمران خان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا، قانون حرکت میں آیا، وزیر اعظم

394
accountability

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف وارنٹ گرفتاری عدالتوں نے نکالے ہیں، پوچھتا ہوں انتظامیہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرے تو پھر کیا ہوگا؟ عمران خان نے امریکا پر حکومت بدلنے کا جھوٹ بولا، دس ماہ تک ہیجانی کیفیت پیدا کی گئی اس کا کون ذمہ دارہے؟

وزیر اعظم نے کہاکہ  آئی ایم ایف کی کڑی ترین شرائط مان لیں، چند دنوں تک آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ ہو جائے گا، عمران خان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا، قانون حرکت میں آیا ہے، عمران خان نے اپنے حواریوں کے ساتھ مل کر ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی، وقت کی رعونت سے ڈرنا چاہیے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج وہ کہتا ہے میں 72 سال کا ہوں، ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے، عمران خان نے آج تک گرفتاری سے بچنے کی بھرپور کوشش کی ہے، عمران خان بیماری اور بزرگی کے سہارے ڈھونڈ رہے ہیں، کیا کیا سہارے ڈھونڈے، ہر جگہ انہیں ریلیف ملتا رہا۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، عمران خان نے برادر ملک سے انتہائی قیمتی تحائف لیے، گھڑی کی قیمت ادا کر کے قانونی طور پر تحفہ اپنے پاس رکھ سکتے ہیں، انہوں نے تحفہ لیکر بازار میں بیچ دیا اور جھوٹ بولا، عمران خان نے اسلام آباد کی غیر معروف دکان سے جعلی رسید پیش کی۔