خاتون جج دھمکی کیس،عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

327

خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔

خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں آج بھی عمران خان عدالت میں پیش نہ ہوئے اور سکیورٹی خدشات پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے خارج کردیا اور عمران خان کو 29 مارچ تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔

عمران خان کے وکلا کی جانب سے بریت کی درخواست بھی کی گئی تھی جس پر عدالت نے دلائل کےلیے آئندہ سماعت پر فریقین کو نوٹسز  جاری کردیے۔

وکیل نے درخواست میں کہا کہ  سابق وزیر اعظم عمرن خان پر وزیر آباد میں قاتلانہ حملہ ہوا، ابھی تک مکمل صحت یاب نہیں ہوئے، وزیرآباد قاتلانہ حملہ کے ابھی تک ملزمان گرفتار نہیں ہوئے، سابق وزیراعظم کے کچھ سیکیورٹی انتظامات ہوتے ہیں، دستاویزات کے مطابق سابق وزیراعظم کو سیکیورٹی مہیا کی جاتی ہے۔

خیال رہےکہ عدالت نے عمران خان کو کیس کی کاپیاں دینےکے لیے آج طلب کیا تھا، عمران خان کا ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونا لازمی ہے، اس کے بعد ہی مقدمے کی کارروائی آگے بڑھائی جائےگی۔