پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں سے زیادتیاں ناقابل قبول ہیں، عمران اسماعیل

295

کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں سے زیادتیاں ناقابل قبول ہیں، پی ڈی ایم کی فاشسٹ حکومت کو ہرظلم کا جواب دینا ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہم بانی پاکستان کے ساتھیوں میں سے ہیں، پی ڈی ایم کی حکومت ہمارے اوپر مسلط کر دی گئی، ہمارے منہ سے بات نکلے تو ہمیں غدار کہا جاتا ہے، کہا جاتا ہے زیادہ بولو گے تو جیل بھیج دیئے جاو گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک میں انتخابات کا مطالبہ کیا ہے، سپریم کورٹ نے الیکشن کی تاریخ دی اور یہ ہمارا آئینی حق ہے، عمران خان ریلی نکالنا چاہیں تودفعہ 144 لگا دی جاتی ہے، صاف اور شفاف الیکشن مانگنا ہمارا آئینی حق ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے دیرینہ ساتھی ظلِ شاہ کی موت کو بھی متنازعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، آج ہمارے ساتھی ارسلان تاج کو گھر سے اٹھا کر لے گئے ہیں، ارسلان کے گھر کے افراد اور ان کے بچے پریشان ہیں، ان کا بیٹا مجھ سے پوچھ رہا ہے کہ میرے بابا نے کیا کیا ہے۔