عمران خان کو جیل بھیجے بغیر پاکستان کی ترقی اور امن ممکن نہیں، عطا تارڑ

598
development

لاہور: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل بھیجے بغیر پاکستان کی ترقی اور امن ممکن نہیں، عمران خان کی گرفتار ی قانون اور آ ئین کے مطابق ہو گی۔

عطارتارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ظل شاہ کی تدفین کو تاخیر کا شکار کرنے کی کوشش کی،عمران خان نے ظل شاہ کی موت کو اپنی سیاست چمکانے کیلئے قتل کا ڈرامہ رچایا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ظل شاہ کی موت کے بارے میں ہر سطح پر تحقیقات ہونی چاہیے، ایک معصوم کی لاش پر گزشتہ 48گھنٹوں سے سیاست ہورہی ہے،ہماری سیاست اتنی نفرت زدہ ہوچکی ہے کہ ایک سیاسی جماعت لاہور کی سڑکوں پر لاشیں ڈھونڈتی پھررہی ہے کہ انہیں کوئی لاش ملے اور وہ اس پر اپنی سیاست چمکا سکیں ،یہ انتہائی افسوس ناک بات ہے کہ پی ٹی آئی ہر وقت کسی موقع کی تلاش میں رہتی ہے کہ کہیں کسی کا جانی نقصان ہو تو وہ اس سے اپنا سیاسی فائدہ حاصل کرسکیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ2018میں ہم پاکستا ن کو پھلتا پھولتا اور ترقی کرتا ہوا چھوڑ کر گئے تھے، ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا، موٹرویز بن رہی تھیں ،بے روزگاری میں کمی تھی ،لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اوردہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑا لیکن عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ،پاکستان کا ترقیاتی بجٹ آدھا رہ گیا ۔

ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھا کہ عمران خان کو جیل بھیجے بغیر پاکستان کی ترقی اورامن ممکن نہیں ،حکومت عمران خان کی قانون کے مطابق گرفتاری عمل میں لائے گی پہلے عدل ہوگا پھر ملک بھر میں صاف اور شفاف الیکشن ہونگے،یہ کہاں کا انصاف ہے کہ ایک لیڈر کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کردیا گیا جبکہ دوسرے کو اپنی بیٹی تسلیم نہ کرنے پر کوئی پوچھ گچھ نہیں کی جارہی ۔