عمران خان کی گرفتاری کیلئے کوئٹہ پولیس لاہور پہنچ گئی

467

لاہور:اشتعال انگیز تقاریر کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے لئے کوئٹہ پولیس کی ٹیم لاہور پہنچ گئی۔

پولیس ٹیم جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کئے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری لے کر پہنچی ہے۔ کوئٹہ پولیس ٹیم نے لاہور پولیس سے رابطہ کر لیا ہے۔عمران خان کے خلاف کوئٹہ کے تھانہ بجلی گھر میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پولیس ٹیم کی سربراہی ایس پی سٹی کوئٹہ ندیم احمد کررہے ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر ارکان میں ڈی ایس پی عبدالستاراچکزئی،سب انسپیکٹرملک حمید، دوتربیت یافتہ کمانڈوز قیصر اورسلطان جبکہ ایک ڈرائیور الیاس شامل ہیں۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ سے آنے والی پولیس ٹیم نے لاہور پولیس سے عمران خان کی گرفتاری کے لئے اینٹی رائٹس فورس سمیت 1300پولیس اہلکار طلب کئے ہیں۔ جبکہ عمران خان کی گرفتاری کے لئے سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ کو اطلاع بھی دے دی گئی ہے۔ ٹیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ عمران خان کو گرفتار کر کے اپنے ہمراہ لے کر کوئٹہ جائیں گے۔