!لشکر حسینی کی مجاہدہ: محترمہ عافیہ صدیقی

633

نعمان طارق انصاری
میں جماعت اسلامی کے کارکنان (لانڈھی وسطی) کی جانب سے آپ سے مخاطب ہوں میری باہمت بہن! پہلے تو میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ آپ غیور پاکستانیوں کے لیے کیا ہیں۔ میری بہادر بہن آپ بہادر ی کا نشان، عزیمت کا استعارہ، قافلہ حسینی کی مجاہدہ اور مظلومیت کے آسمان پر چمکنے والا ایک ایسا ستارہ ہیں۔ جس کی روشنی چہار سو پھیل رہی ہے۔ اور کبھی ماند نہیں پڑے گی۔ آپ کا صبر و تحمل اْن لوگوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ جو آج بھی دنیا کی مختلف جیلوں میں محض اسلام کی سر بلندی کے لیے جد وجہد کرنے کی وجہ سے قید ہیں۔ میری عزیز بہن! آپ راہ استقامت کی ایک ایسی خاتون ہیں جسے پیسوں کے عوض پوری بے غیرتی سے دشمنوں کے حوالے کر دیا گیا۔ آپ پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے۔ آپ کو گولی ماری گئی۔ اسلام سے نفرت کے اظہار کے لیے ظالموں نے آپ کے کمزور اور ناتواں وجود کو تختہ مشق بنایا۔ تشدد انتہائی تشدد، ظلم انتہائی ظلم تحقیر انتہائی تحقیر۔ لیکن آپ کے پائے استقامت میں کوئی لرزش نہیں آئی۔
مر جائیں گے ظالم کی حمایت نہ کریں گے
احرار کبھی ترکِ روایت نہ کریں گے
میری باوفا بہن! جب ظلم کے ایک واقعے میں آپ کے چہرے پر لات ماری گئی اور آپ کے سامنے کے دانت ٹوٹ گئے تھے۔ تو دراصل یہ لات پاکستان کے بے غیرت، بے شرم اور بے حس حکمرانوں کے منہ پر ماری گئی تھی۔ میری مظلوم بہن! قدرت کا انصاف دیکھیے وہ شخص جس کا نام پرویز مشرف تھا۔ ایک ناقابل علاج بیماری کا شکار ہو کہ اتنا کمزور ہوگیا تھا کہ اْس کے اپنے دانت اتنے کمزور ہو کر جھڑنے لگے تھے کہ وہ روٹی کا ایک نوالہ چبانے کو ترس گیا تھا انتہائی رقیق غذا بھی اس کو نلکی کے ذریعے دی جاتی تھی۔ یہ ہے ہمارے عظیم پروردگار کا انصاف جو دنیا میں ہوا اور وہ جو آپ کو ذلت آمیز موت دینا چاہتا تھا۔ آج دنیا سے کوچ کر چکا ہے۔ اور آپ ماشاء اللہ حیات ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو لمبی عمر صحت کے ساتھ عطا کرے (آمین) میری بلند کردار بہن آپ کو یہ جان کر بے حد خوشی ہوگی کہ چونکہ آپ کا تعلق کراچی سے ہے۔ تو کراچی ہی وہ پہلا شہر ہے جس نے اشرافیہ کے خلاف موجودہ بلدیاتی الیکشن میں بغاوت کر دی ہے۔ اور محترم حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ایک مخلص پلیٹ فارم مل گیا ہے۔ اس کے علاوہ اندرون سندھ محمد حسین محنتی اس پیرانہ سالی کے باوجود سر گرم عمل ہیں۔ پنجاب امیر جماعت اسلامی محترم سراج الحق کی حق کی للکار سے گو نج ر ہا ہے۔ بلوچستان میں بھی ظلم کے خلاف تحریک چل نکلی ہے۔ اور خیبر پختون خوا بھی پوری طرح جماعت اسلامی کی طرف متوجہ ہو رہا ہے۔ غرض پورا پاکستان جماعت اسلامی کے جھنڈے تلے اسلامی نظام کے لیے متحد ہو رہا ہے۔ محترمہ عافیہ صدیقی ہمیں آپ کی دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ سے مظلوم کی قربت ہوتی ہے۔ اور مظلوم کی دعائیں بھی جلد سنی جاتی ہیں میری بلند حوصلہ بہن! ہم جماعت اسلامی کے کارکنان اپنی قیادت کے ساتھ آپ سے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ وہ وقت اب بہت دور نہیں۔ جب پورے ملک میں جماعت اسلامی کی حکومت ہوگی۔ اسلامی نظام قائم ہوگا۔ اور شرعی قوانین نافذ ہوں گے۔ تو آپ کو ترجیحی بنیادوں پر امریکا کے خونیں پنجوں سے چھڑوا کر وطن واپس لایا جائے گا۔ ائر پورٹ پر آپ کا فقیہ المثال استقبال ہوگا۔ نعرہ تکبیر کی گو نج ہوگی اور درود و سلام کی وجد آمیز صداؤں میں آپ پر گل پاشی ہوگی۔ جس سے پوری فضا معطر ہوگی۔ وہ بڑا دل کش اور روح پرور منظر ہوگا۔ میری امیر جماعت اسلامی محترم سراج الحق سے یہ درخواست ہے کہ جماعت اسلام کی حکومت آنے کے بعد اور محترمہ عافیہ صدیقی کو قید سے آزاد کر انے کے بعد ’’سفیر پاکستان‘‘ کا لقب دے کر پوری دنیا میں بھیجا جائے۔
تاکہ آپ کے لیکچرز پوری دنیا میں سنے جائیں۔ اور اسلام کے وقار میں اضافہ ہو۔ میں بر طانیہ کے انسانی حقوق کے ڈائریکٹر کلایو اسمتھ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ جنہوں نے 19 جنوری 2023 کو محترمہ عافیہ صدیقی سے ملاقات کی۔ اور تاحال وہ عافیہ صدیقی کو قید سے رہائی دلوانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں میری محترمہ فوزیہ صدیقی سے بھی یہ اپیل ہے کہ اگر یہ تحریر اْن کی نظر سے گزرے تو اس کو محترمہ عافیہ صدیقی تک پہنچایا جائے۔ تاکہ اْن کا حوصلہ بلند ہو میری غیور بہن عافیہ صدیقی! ظلم کے دن تھوڑے ہیں۔ راحت کے دن آنے والے ہیں۔ آپ حوصلہ مزید بلند رکھیں۔ جلد ہی آپ ہمارے درمیان ہوںگی۔ ان شاء اللہ تعالی
دشتِ ایثار میں کب آبلہ پا رکتا ہے
کون سے بند سے سیلابِ وفا رکتا ہے