وزیرِاعظم شہباز شریف کا خواتین کے عالمی دن پر خصوصی پیغام

380

اسلام آباد:وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ معاشرے کی ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ممکن نہ تھی، خاتون کا ہر روپ معاشرے کو کار آمد بنانے میں مصروف نظر آتا ہے، حکومت خواتین کو ان کے منصفانہ حقوق کی فراہمی کیلئے ہر وقت کوشاں ہے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن پرجاری پیغام میں کہا کہ خواتین کا عالمی دن بین الاقوامی سطح پر خواتین کے معاشرے میں کلیدی کردار کو پہچاننے اور انسانی تہذیب کے ارتقا میں ان کی خدمات کے اعتراف کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ انسانی معاشرے کی ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ممکن نہ تھی۔تحریکِ پاکستان میں فاطمہ جناح ہوں یا بیگم رعنا لیاقت علی خان، محترمہ بینظیر بھٹو شہید ہوں یا ملالہ یوسف زئی،خواتین کا پاکستان کی ترقی اور ارتقا میں مرکزی کردار کسی قیمت جھٹلایا نہیں جا سکتا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے دین اسلام نے خواتین کو آج سے 14سو سال پہلے برابری کے حقوق دئیے۔ ماں کے قدموں تلے جنت اور بیٹی کو گھر کی رحمت قرار دیا، اسلام خواتین کے وقار کو ماند کیے بغیر انہیں زندگی کے ہر شعبے میں مثبت کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ 

وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ انسانی معاشرہ خواتین کی ہر شعبے میں خدمات کی مثالوں سے بھرا پڑا ہے، اکیسویں صدی کی دنیا میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ انسانی تہذیب کی ترقی میں مصروفِ عمل ہیں، آج کسی بھی شعبے کو اٹھا کر دیکھ لیں آپ کو خواتین اپنی گھریلو ذمہ داریوں کی احسن طریقے سے انجام دہی کے ساتھ ساتھ ہر شعبے میں قائدانہ کردار میں نظر آئیں گی جو خوش آئند امر ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتِ پاکستان خواتین کو ان کے منصفانہ حقوق کی فراہمی کیلئے ہر وقت کوشاں ہے۔پاکستان کی تقریبا نصف آبادی خواتین پر مبنی ہے۔ آج قوم کی با صلاحیت بیٹیاں، مائیں اور بہنیں باوقار طریقے سے ملک و قوم کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو مزید با اختیار، ان کے تحفظ اور منصفانہ حقوق کو یقینی بنانے کیلئے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا، اس میں سول سوسائٹی، میڈیا اور حکومت سب کو تعاون سے نہ صرف خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کا عہد کرنا ہوگا بلکہ اس حوالے سے آگاہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرا اپنے ملک کی باصلاحیت خواتین سے آج کے دن کی نسبت سے یہ وعدہ ہے کہ ہماری حکومت خواتین کے منصفانہ حقوق، ان کے تحفظ اور ان کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھاتی رہے گی، آپ ملک و قوم کا فخر ہیں اور پاکستان کو ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے آپ کی صلاحیتوں اور خدمات کی ضرورت ہے۔