لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کی کوئی بھی کوشش حالات کو شدید خراب کر دیگی، حکومت عمران خان پر ایک اور قاتلانہ حملہ کرانا چاہتی ہے۔
ایک بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں اس نااہل اور پاکستان دشمن حکومت کو خبردار کرنا چاہ رہا ہوں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مزید بحران میں نہ دھکیلیں اور ہوش سیکام لیں۔
زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی انسان کے لیے ممکن نہیں کہ وہ روز اتنے مقدمات میں پیش ہو، ان حکمرانوں نے ملک اور معیشت کو ڈبو دیا ہے، ان حکمرانوں کا واحد مقصد ملک میں فسادات کرنا ہے تا کہ انتخابات ملتوی ہو جائیں، عمران خان کی گرفتاری کا مقصد صرف ملک کے حالات خراب کرنا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت فسطائیت کا مظاہرہ کر رہی ہے، حکومت ملک میں امن و امان کا مسئلہ کھڑا کرنا چاہتی ہے، حکومت پی ٹی آئی کے کارکنوں کو اشتعال دلانا چاہتی ہے، حکومت عمران خان پر ایک اور قاتلانہ حملہ کرانا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف اور محسن نقوی میں کوئی فرق نہیں، ہم عدالتوں میں قانون کے مطابق ڈیل کر رہے ہیں، حکومت انتخابات سے فرار چاہتی ہے، عدالتیں ایک بھگوڑے کو نہیں بلا رہیں۔