پشاور میں ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کا آغاز کر دیا گیا

467

 پشاور:میں ساتویں خانہ و مردم شماری کا آغاز کر دیا گیا۔ 

ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کے حوالے سے افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر، ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ثانیہ صافی، اسسٹنٹ کمشنر راؤ ہاشم سمیت محکمہ شماریات، محکمہ تعلیم، محکمہ پولیس اور دیگر نے شرکت کی۔کمشنر پشاور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر پشاور نے ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ 

ضلع پشاور کو آٹھ سرکل میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں پشاور سٹی تحصیل، حسن خیل، بڈھ بیر، شاہ عالم، پشتخرہ، متھرا اور پشاور کینٹ شامل ہیں۔ پشاور میں کل 2597 بلاکس ہیں ۔ مردم شماری کے لیے 210 سپروائزر اور 1336 شمار کنندگان تعینات کیے گئے ہیں اور اس حوالے سے سیکیورٹی کا خاطر خواہ بندوبست کیا گیا ہے اور مردم شماری کے لیے متعلقہ عملے کو تربیت دے دی گئی ہے۔ 

مردم شماری کے حوالے سے شہری خود بھی اپنے کوائف درج کر سکتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی مردم شماری میں محکمہ تعلیم، پولیس، پاک فوج اور محکمہ شماریات نے آج سے کام کا اغاز کر دیا اور یہ عمل یکم اپریل تک جاری رہے گا۔ کمشنر پشاور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر پشاور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مردم شماری عملے سے تعاون کریں اوراس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ڈیجیٹل مردم شماری کو کامیاب بنایا جا سکے۔