زرداری پر عمران کے قتل کی سازش کا الزام، شیخ رشید پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

582

اسلام آباد آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام کے کیس میں شیخ رشید کے خلاف فرد جرم عائد نہ ہوسکی،عدالت نے شیخ رشیدکی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر تے ہوئے فرد جرم عائدکرنےکی تاریخ 21 مارچ مقرر کردی۔

جمعرات کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شیخ رشید کےخلاف آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزامات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

شیخ رشید نے جوڈیشل مجسٹریٹ عمرشبیر کی عدالت میں طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کردی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ طبیعت ناساز ہے، ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیاہے، آج عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا، حاضری سے استثنی دیا جائے، شیخ رشید کی میڈیکل رپورٹ بھی درخواست کے ساتھ منسلک کی گئی۔

عدالت نے شیخ رشیدکی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی اور فرد جرم عائدکرنےکی تاریخ 21 مارچ مقرر کردی۔ واضح رہے کہ شیخ رشید پر جمعرات کو فرد جرم عائد ہونا تھی، عدالت کی جانب سے حاضری یقینی بنانےکا حکم دیا گیا تھا، گزشتہ سماعت پر پولیس نے مقدمےکا چالان عدالت میں جمع کرایا تھا۔