لاہور:پی ایس ایل میچز کے سیکیورٹی اہلکاروں کے ڈیوٹی کے دوران غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں پی ایس ایل میچ کے دوران 81 اہلکار ڈیوٹی سے غائب پائے گئے جنہیں مختلف پوائنٹس پر تعینات کیا گیا تھاڈیوٹی سے غائب رہنے والے اہلکاروں کے نام سامنے آگئے جن میں ہیڈ کانسٹیبل اور کانسیٹبل شامل ہیں۔ایس پی اینٹی رائٹ نے ڈیوٹی سے غائب پائے جانے والے ہر اہلکار پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ اگر ہر میچ کی سیکیورٹی کے پیسے دینا شروع کردیئے تو کرکٹ بورڈ دیوالیہ ہوجائے گا۔
نجی ٹی وی” جیو نیوز” کے پروگرام میں پنجاب حکومت اور پی سی بی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 8) کے لاہور اور راولپنڈی میں میچز پر ڈیڈ لاک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ جب بھی کوئی ٹیم ا?تی ہے یا پی ایس ایل ہوتا ہے تو ہر بار اپنا کیس حکومت کے سامنے پیش کرنا پڑتا ہے، انہیں بتایا جاتا ہے کہ اگر آپ سکیورٹی نہیں دیں گے تو بڑا ٹورنامنٹ نہیں ہوسکے گا، کرکٹ بہت بڑا کھیل ہے جو ملک کو اکٹھا رکھتا ہے، اس کی ہماری ثقافت میں بہت زیادہ اہمیت ہے، یہ بات بار بار حکومت کو فیڈ کرنی پڑتی ہے، اگر اس طرح سے کرکٹ بورڈ 50، 50 کروڑ روپے دینا شروع کردے تو بورڈ تو بالکل دیوالیہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل دوسرے شہروں میں شفٹ کرنے سے بہت نقصان ہوگا، اس کا ایک ماڈل بنا ہوا ہے جس سے عوام جڑے ہوئے ہیں، اس کے علاوہ سپانسرز بھی اسی حساب سے آتے ہیں، پی سی بی نے بہت زیادہ خرچہ کیا ہوا ہے، اگر ایک ہی جگہ پر 15 میچ کروا دیں گے تو لوگوں کی دلچسپی ختم ہوجاتی ہے۔